• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور ‘نئے چینی سال کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

پشاور(جنگ نیوز)چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو میں نئے چینی سال کے حوالے سے رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے ایک روزہ تقریبات کا افتتاح کیا جبکہ نومنتخب مئیر پشاور حاجی زبیر علی نے نئے سال کا کیک کاٹا۔اس موقع پربینک آف خیبر کے میڈیا ہیڈ طارق حسن، سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر ذاکر شاہ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا لازوال رشتہ مزید مستحکم ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ چین میں دونوں ممالک کی قیادت نے پاک چین دوستی کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ہم ہر سال اہل چین کی خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں اور آج 2022 ء میں بھی اہل پشاور کی جانب سے نئے سال کے موقع پر اپنے چینی بھائیوں اور بہنوں کو نیک خواہشات کا پیغام بھیج رہے باقی صفحہ7نمبر16ہیں۔چائنہ ونڈو میں منعقدہ رنگا رنگ تقریب کے انعقاد سے پاک چین دوستی میں اہل پشاور کے کردار کی بھرپور عکاسی ہوتی ہے ۔انہوں نے سی پیک کو پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی کا منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے خیبر پختونخوا میں بھی خوش حالی کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔نو منتخب مئیر حاجی زبیر علی نے نئے چینی سال کا کیک کاٹا، مہمند چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سجاد خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر زندگی کے مختلف شعبوں سے متعلق شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ حاجی زبیر علی نے چین کے نئے سال کی مناسبت سے تقریب کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اس پر ہر پاکستانی کو فخر ہے۔ پشاور کو ایک بار پھر پھولوں کا شہر بنایا جائے گا اور اس سلسلہ میں چین سے بھی مدد حاصل کی جائے گی۔انہوں نے چائنہ ونڈو کے منتظمین کو چین کے نئے سال کی تقریب منعقد کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔دریں اثناء چائنہ ونڈو میں دن بھر جشن کا سا سماں رہا ۔چائنہ ونڈو کو پاک چین دوستی اور اہل چین کو نئے سال کی مباکباد پر مشتمل بینرز اور غباروں سے سجایا گیا تھا۔اس موقع پرمقامی میوزیشنز نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔شرکاء کے لئے پرتکلف ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ چائنہ وندو میں یوم پاکستان، جشن آزادی پاکستان سمیت چین کے قومی دن کے موقع پر بھی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
پشاور سے مزید