پشاور(کرائم رپورٹر) پشاور میں سٹریٹ کرائم کی مختلف وارداتوں کےدوران متعدد شہریوں کو لوٹ لیاگیا ہے۔ گزشتہ روز شہر کے مختلف مقامات پر مسلح رہزنوں نے چھ افراد کو نقدی اور موبائل فونز سے محروم کر دیا،تھانہ بھانہ ماڑی میں مقدمہ درج کراتے ہوئے سجاد حسین نانبائی نے بتایا کہ وہ پیشے کے لحاظ سے نانبائی ہے، گزشتہ روز چھٹی کے بعد اپنے چچازاد بھائی میر افضل کے ہمراہ گھر جا رہا تھا کہ دو نقاب پوشوں نے اسلحہ کی نوک پر انہیں یرغمال بنا لیا، ملزمان سجاد سے قیمتی موبائل، 80 ہزار روپے نقدی اور اس کے چچازاد سے موبائل فون چھین کر کوٹلہ محسن خان کی جانب فرار ہو گئے،اسی طرح شریف اللہ نے تاتارا پولیس کو بتایا کہ گزشتہ شب وہ اپنے پڑوسی محمد حسین کےہمراہ تراویخ مسجد قباء جا رہا تھا، تو موٹر سائیکل پر سوار تین مسلح افراد نے انہیں روک لیا اور اسلحہ تان کر شریف اللہ سے قیمتی موبائل فون، 5 ہزار روپے نقد اور اس کے پڑوسی سے بھی قیمتی موبائل فون چھین لیا، مزاحمت پر ملزمان سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے،ایسا ہی ایک واقعہ گنجان آباد علاقہ چرخہ خیل میں مسجد حاجیان کے قریب رونما ہوا، جہاں مسلح رہزنوں نے مسجد کے قریب کھڑے نوجوان محمد رحمان سے اسلحہ کی نوک پر نیا آئی فون موبائل اور چند گز کے فاصلے پر موجود ایک اور نوجوان حمزہ سے بھی موبائل فون چھین لیااور فرار ہو گئے،پہلی دونوں وارداتوں میں موٹر سائیکل کا استعمال کیا گیا ہے، پولیس نے واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کر کے ملزمان کی تلاش اور تفتیش کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔