ڈسکو کنگ بپی لہری جوکہ گزشتہ شب 69 سال کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں، اپنے منفرد گانوں اور سونے کے زیورات کی وجہ سے ایک خاص پہچان رکھتے تھے۔
بپی لہری 27 نومبر 1952 کو کولکتہ میں پیدا ہوئے اور اُنہوں نے تین سال کی عمر میں ہی طبلہ بجانا سیکھ لیا تھا۔
اُنہیں ڈسکو گانوں کا بادشاہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا جبکہ انڈین فلم انڈسٹری کے تمام میوزک کمپوزر بپی دا کی صلاحیتوں کے معترف تھے۔
کس سے متاثر ہو کر سونا پہنتے تھے؟
بپی لہری نے اپنے ایک انٹرویو میں کلائی، انگلیوں اور گلے میں سونے کے زیورات پہننے کی وجہ بتائی تھی۔
اُنہوں نے بتایا تھا کہ ’وہ امریکی راک اسٹار ایلوس پریسلے کے بہت بڑے مداح ہیں جو اپنی پرفارمنس کے دوران سونے کی چین پہنتے تھے اور اُنہوں نے ایلوس کو دیکھ کر ہی سونا پہننےکا فیصلہ کیاتھا ‘۔
اُنہوں نے مزید بتایا تھا کہ ’وہ بھی اپنی الگ پہچان بنانا چاہتے تھے اور اسی لیے انہوں نے سونا پہننا شروع کر دیا‘۔
بپی لہری کو سونا پہننے کی وجہ سے ہندوستان کا گولڈ مین کہا جاتا تھا، گلوکار سونے کو اپنے لیے خوش قسمتی کی علامت سمجھتے تھے۔
بپی لہری کے پاس کتنا سونا اور چاندی تھی؟
ڈسکوکنگ بپی دا نے 2014 کا لوک سبھا الیکشن بھی لڑا تھا اور نامزدگی کے دوران اپنے پاس موجود اثاثوں بشمول سونے اور چاندی کی تفصیلات بتائی تھیں۔
اُنہوں نے بتایا تھا کہ ان کے پاس کل 752 گرام سونا اور 4.62 کلو چاندی ہے۔
اس وقت پاکستان میں فی گرام سونے کی قیمت 10 ہزار 776 روپے ہے تو اس طرح بپی دا کے پاس تقریباً بپی سوا81 لاکھ روپے کا سونا اور تقریباً پونے 6 لاکھ روپے کی چاندی موجود تھی۔
اگر گلوکار کے کل اثاثوں کی بات کی جائے تو وہ 47 کروڑ پاکستانی روپے کی جائیداد کے مالک تھے۔
بیوی کے پاس بپی دا سے بھی زیادہ سونا ہے
بپی دا کی طرح ان کی بیوی چترانی لہری کو بھی سونے اور ہیروں کا شوق ہے۔
اُنہوں نے 2014 میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پاس بپی دا سے بھی زیادہ یعنی 967 گرام سونا، 8.9 کلو چاندی اور ہیرے ہیں۔