پشاور(نیوز رپورٹر)پشاورہائیکورٹ کے جسٹس روح الامین اور جسٹس میاں عتیق شاہ پر مشتمل بنچ نے لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ مردان میں تقرری کے فورا بعد 10ملازمین کو برطرف کرنے کیخلاف دائر رٹ پر ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ کو عدالت طلب کرلیا ، درخواست گزار مسعود شاہ وغیرہ کی رٹ پر سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل علی گوہردرانی نے عدالت کو بتایا کہ انکے موکلوں کو کلاس فور کے عہدوں پر تعینات کیا گیا تھا تاہم چند روز کے بعد انکی تقرری کا حکم نامہ منسوخ کیا گیاجو غیرقانونی ہے ، درخواست گزار ایم پی اے جمشید خان مہمند کے حلقے سے تعلق رکھتے ہیں جو حزب اختلاف سے ہیں ، سیاسی انتقام کی وجہ سے انکے حلقے کے افراد کو ہٹایاگیا ، دوسری جانب وکیل سرکار نے بتایا کہ جو میٹنگ منٹس آئے تھے ان میں درخواست گزاروں کا ذکر ہی نہیں اور صرف ایک آصف نامی درخواست گزار کی تقرری کی سفارش کی گئی ، جسٹس روح الامین نے کہا کہ کس طرح پھر آپ لوگوں نے اسکو ہٹایاہے، اگر یہ حکم نامے غیرقانونی طور پر جاری ہوئے ہیں، تو آپ لوگوں نے متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کےخلاف کیاکارروائی کی ؟ بعدازاں عدالت نے ڈی جی لوکل گورنمنٹ کو عدالت طلب کرتے ہوئے سماعت آج تک کیلئے ملتوی کردی۔