وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) جموں کشمیر لبریشن لیگ کے سابق صدر اور آزاد جموں کشمیر کے سابق چیف جسٹس ممتاز قانون دان جسٹس عبدالمجید ملک ایڈووکیٹ وفات پاگئے ۔وہ کچھ عر صہ سے بیمار تھے،مرحوم سابق صدر آزاد کشمیر اور قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے پرائویٹ سیکرٹری کے ایچ خورشید کے ساتھیوں میں سے تھے ، مرحوم نے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لیے اندرون ملک اور بیرون ملک بر طانیہ، یورپ، امریکہ کے دورے کئے اور اپنی ساری زندگی مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لیے گزار دی ، ان کی دلی خواہش تھی کہ مسئلہ کشمیر کو نظریہ کے ایچ خورشید کے تحت حل کیا جائے،آپ نے گلگت بلتستان کے بارے میں تاریخی فیصلہ دیا تھا کے گلگت بلتستان کو آزاد کشمیر میں شامل کیا جائے ،یہ علاقہ جات قانونی آئینی و جغرافیائی طور پر ریاست جموں کشمیر کا حصہ ہیں ۔ وفات پر برطانیہ میں لبریشن لیگ کے سابق صدر ڈاکٹر مسفر حسن ، میاں نجیب انصاری ،حاجی محمد اسلم ، کشمیر لبریشن کونسل کے سربراہ نجیب افسر ، جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ کے زون کے صدر تحسین گیلانی ، لیاقت علی چوہدری،جاوید احمد شاہ ، چوہدری محمد سعید، کشمیر نیشنل پارٹی کے سربراہ عباس بٹ ، چوہدری محمد صدیق، راجہ محمد عارف، سابق کونسلر ریاض بٹ ، چوہدری محمد شریف ، نواز مجید کشمیر ی ، راجہ محمود، کو نسلر عمران حمید ملک ، کونسلر سردار محمد آصف و دیگر کمونیٹی رہنماون نے سابق چیف جسٹس آزاد کشمیر عبدالمجید ملک کی وفات پر انتہائی دکھ وافسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ان رہنماون نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کشمیری قوم ایک محب وطن شخصیت سے محروم ہو گئی ہے ،مرحوم ریاست جموں کشمیر کا اثاثہ تھے، تحریک آزادی کشمیر کے لئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ ور اہل خانہ کو صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے ۔