لاہور(نمائندہ جنگ)اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہانڈی میں سامان چلا گیا ،دھواں اٹھنے کے بعد پہلا ابال آتا ہے، پہلا ابال آ جائے پھر آپ کو بتائیں گے۔
اتنی بڑی ہانڈی چڑھی ہے کچھ تو نکلے گا لیکن عمران خان بالکل گھبرائے ہوئے نہیں ہیں، وزیر اعظم سے ملاقات میں عدم اعتماد پر کوئی بات نہیں ہوئی،مہنگائی کی روک تھام کیلئے عمران خان نے اچھے اقدامات کیے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں کی طرف سے پوچھے گئے بعض سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی اور صوبائی وزیرقانون محمد بشارت راجہ نے پیپل ہائوس کے اے بلاک کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
اس موقع پر صحافی نے چوہدری پرویز الٰہی سے سوال کیا کہ کیا آپ کا بھی وزیراعظم کو گھبرانا نہیں ہے کاپیغام ہے؟ تو پرویز الٰہی نے قہقہہ لگاکر کہا کہ عمران خان بالکل بھی گھبرائے ہوئے نہیں ہیں۔