جنگ زدہ یوکرین کے دارالحکومت کیف میں گولی لگنے سے زخمی ہونے والے 31 سالہ بھارتی طالب علم ارجوت سنگھ کا ویڈیو بیان سامنے آگیا۔
ایمبولینس میں کیف سے یوکرین-پولینڈ کی سرحد جاتے ہوئے، ہرجوت سنگھ نے اپنی ایک ویڈیو ریکارڈ کی جو کہ بھارتی میڈیا کے سوشل میڈیا ہینڈل پر پوسٹ کی گئی۔
بھارتی طالب علم ہرجوت سنگھ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ اب سب کچھ ٹھیک ہے لیکن اب تک یہ بہت مشکل تھا۔
ہرجوت سنگھ نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ میں اپنی پرواز میں سوار ہوتے ہوئے ویڈیو بنا سکوں گا یا نہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ میرے دل میں اُمید تھی کہ مجھے اپنے آبائی ملک واپس جانا ہے اور اس کے لیے میں پُرجوش تھا۔
ہرجوت سنگھ نے اپنی حکومت اور اُن کی مدد کرنے والے تمام افراد کا شکریہ بھی ادا کیا۔
واضح رہے کہ 4 مارچ کو روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں ایک بھارتی طالب علم کو گولی لگ گئی تھی جس کے بعد طالب علم کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
یوکرین میں روسی افواج کے فضائی حملے سے ہلاک ہونے والا بھارتی طالب علم نوین
خیال رہے کہ اس سے پہلے یوکرین کے دوسرے بڑے شہر خارکیف میں روسی افواج کے حملے میں ایک بھارتی طالب علم کی ہلاکت ہوچکی ہے۔
خارکیف میں فضائی حملے کے دوران ہلاک ہونے والا نوین میڈیکل کا فائنل ایئر کا طالب علم تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نوین اس وقت ہلاک ہوا جب روسی فوجیوں نے ایک سرکاری عمارت کو دھماکے سے اڑا دیا۔
اس حوالے سے نوین کی ساتھی طلبہ پوجا نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ وہ گورنر ہاؤس کے قریب رہتا تھا اور کھانے کے لیے قطار میں کھڑا تھا، اچانک ایک فضائی حملہ ہوا جس نے گورنر ہاؤس کو اڑا دیا اور وہ مارا گیا۔