• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشتو کے معروف شاعر غنی خان کی 26ویں برسی 24مارچ کو منعقد ہوگی

پشاور ( وقائع نگار)خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام پشتو کے معروف شاعر و مفکر غنی خان کی 26ویں برسی اورانہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریب 24 مارچ بروز جمعرات غنی خان کے آبائی گائوں غنی ڈھیری چارسدہ میں منعقد ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر کلچر خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی ہمایون خان نے کیا۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی صوبہ میں ثقافت ، فنون اور سیاحت کے فروغ کیلئے مصروف عمل ہے ۔ اسی سلسلے میں پشتو ثقافت اوربالخصوص ادب کیلئے جانفشانی سے کام کرنے والی مشہور شخصیت غنی خان کی برسی کی تقریب منعقد کررہے ہیں۔ تقریب کا مقصد فن، ادب اورانسانیت کیلئے غنی خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا ہے اور آنے والی نسلوں کو ان کی شاعری کی اہمیت اور پشتوزبان کے ادب کیلئے ان کی خدمات پر بھی روشنی ڈالنا ہے ۔ تقریب میں پشتو کے معروف شاعر اور ماہر تعلیم پروفیسر اباسین یوسفزئی ، اقبال حسین افکار، پروفیسر ڈاکٹر وقار علی شاہ، ڈاکٹر سمیع الدین، ڈاکٹر طنحہ سمیت پشتو اکیڈمی کے طلبہ، مقامی عمائدین ، غنی خان کے پیروکار اور دیگر شخصیات شرکت کرینگی۔ غنی خان آزادی کیلئے سرگرم کارکن اور عبدالغفار خان عرف باچا خان کے سب سے بڑے فرزند تھے ۔ جن کی شاعرانہ گہرائی، انفرادیت، تنوع اور اس میں تخلیقی رنگینی بے مثال ہے ۔ غنی خان نے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کی اور ایک مصور ، مجسمہ ساز آرٹ اور ایک بہترین شاعر بن گئے ۔ غنی خان 1914 میں ہشت نگر ، چارسدہ میں پیدا ہوئے ۔
پشاور سے مزید