پشاور(جنگ نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے جے وی ریگولیشنز بنانے اور اس سلسلے میں عملی اقدامات اٹھانے پر محکمہ ہاوسنگ کے حکام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوے کہا ہے کہ محکمہ ہاؤسنگ خیبر پختونخوا اور پراؤنشل ہاؤسنگ اتھارٹی نے قلیل عرصہ میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی برائے ہاوسنگ ڈاکٹر امجدعلی نے گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں میگا سٹی نوشہرہ کے فیز ون کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ افتتاحی تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے ہاوسنگ ایم پی اے علی شاہ، سیکرٹری محکمہ ہاؤسنگ، ڈی جی پراؤنشل ہاؤسنگ اتھارٹی، سسٹین ایبل انرجی اینڈ اکنامک ڈیولپمنٹ ”SEED“ اور نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ کے نمائندوں کے بشمول دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔ اس موقع پر معاون خصوصی برائے ہاوسنگ کو منصوبے کی نظرِ ثانی شدہ ماسٹر پلان سے متعلق آگاہ کیا گیا جبکہ جبکہ 2 ہزار کنال اور 3 ہزار پلاٹس پر مشتمل فیز ون سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔