• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھریلو صارفین کو ریلیف،غیر قانونی پانی کنکشنز کی رجسٹریشن کیلئے 3 ماہ کی فیس معاف

پشاور (خصوصی نامہ نگار) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے گھریلو صارفین کو ریلیف دینے اورپانی کے غیر قانونی کنکشنز کی رجسٹریشن کے لئے تین مہینوں کے لئے کنکشن فیس معاف کر دی، اب نئے گھریلو صارفین یکم ستمبر سے یکم دسمبر 2025 تک مفت کنکشن حاصل اورموجودہ غیر قانونی کنکشن کو رجسٹر کرواسکیں گے۔ یہ فیصلہ بورڈ کے چیئرمین ملک شہاب حسین کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر یاسر علی خان اور بورڈ ارکان شریک ہوئے۔ اجلاس میں ٹیوب ویلوں، غیر قانونی کنکشنز، ٹیوب ویلوں پر اٹھنے والے اخراجات اور صارفین سے ریکوری بارے امور پر غور وخوض کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ غیر قانونی کنکشنز کی رجسٹریشن اور نئے کنکشنز حاصل کرنے والوں سے تین مہینوں تک کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ غیر قانونی کنکشنز کو قانون کے دائرے میں لایا جائے اور مفت کنکشن دیتے ہوئے صارفین میں اضافہ کیا جائے۔تین مہینے کی مقررہ مدت گزرنے کے بعد غیر قانونی کنکشنز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ حکومت نے نادہندہ صارفین سے ریکوری کے لئے ایک ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی خدمات ڈبلیو ایس ایس پی کے حوالے کردی ہیں۔
پشاور سے مزید