پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹو فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں سیاست نہیں بلکہ عوامی خدمت اولین ترجیح ہے۔ ہم اپنے عوام کے دکھ درد میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور خلوص دل کے ساتھ ان کی خدمت کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینگورہ کے علاقوں ملابابا اور مکانباغ میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر مقامی لوگوں نے صوبائی وزیر فضل حکیم خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ ملابابا اور بنگلہ دیش، امانکوٹ میں صفائی ریلیف و بحالی کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے جبکہ گلی محلوں کی صفائی کے امور بھی آخری مراحل میں ہیں۔ فضل حکیم خان نے کہا کہ عوام کے مسائل جلد حل کرنے کے لئے وہ روزانہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے ریلیف اور بحالی کے کاموں کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ، ڈبلیو ایس ایس سی، ٹی ایم اے اور دیگر متعلقہ ادارے دن رات محنت کرکے ریلیف اور بحالی کے عمل کو تیزی سے آگے بڑھا رہے ہیں تاکہ متاثرہ عوام کی مشکلات جلد از جلدحل کی جا سکیں۔