• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردان اور صوابی میں کیپرا کی رجسٹریشن مہم دوسرے روز بھی جاری

پشاور(جنگ نیوز)ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کی جانب سے شروع کی جانے والی رجسٹریشن مہم دوسرے روز بھی مردان اور صوابی میں جاری رہی۔منگل کے روز کیپرا کی ٹیم نے گدون انڈسٹریل اسٹیٹ اور صوابی بازار میں سروسز شعبے سے وابستہ کاروباری افراد اور صنعتی یونٹس کے دورے کئے اور انہیں سیلزٹیکس آن سروسز سے متعلق معلومات فراہم کی اور ان کو موقع پر ہی رجسٹرڈ کراکے ٹیکس کے دائرہ کار میں شامل کیا۔خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے امریکی ادارے برائے بین الاقوامی ترقی یو ایس اے آئی ڈی کے تعاون سے صوبہ بھر میں رجسٹریشن مہم کا آغاز کیا ہے جس میں سروسز شعبے سے وابستہ کاروباری افراد اور اداروں کو موقع پر رجسٹریشن کی سہولت کی جاتی ہے اور رجسٹریشن کیمپس لگائے جاتے ہیں جہاں پر کیپرا کا عملہ سیلز ٹیکس آن سروسز سے متعلق معلومات فراہم کرتاہے۔کیپراکی مردان ریجن کے لیے شروع کی جانے والی یہ مہم جمعہ کے روز تک جاری رہے گی اور کیپرا کی ٹیمیں مردان، صوابی، نوشہرہ اور چارسدہ کے تجارتی مراکز کے دورے کریں گی۔ اس موقع پر کیپراکے ڈپٹی کلکٹر رجسٹریشن نواب علی نے اپنے بیان میں یو ایس اے ائی ڈی کے ساتھ ساتھ صوابی اور مردان کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مہم کا مقصد ٹیکس دہندگان کو ٹیکس ادا ئیگی میں آسانی فراہم کرنا تھا۔ انکا کہنا تھا کہ انکی ٹیم رواں ہفتے نوشہرہ اور چارسدہ میں بھی رجسٹریشن کیمپ قائم کرے گی اور سروسز سے وابستہ افراد سے گزارش ہے کہ وہ اپنا کاروبار رضاکارانہ طور پر خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ کروا کر ملک اور قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
پشاور سے مزید