نئی دہلی (جنگ نیوز) چین کے وزیر خارجہ کا اچانک دورہ بھارت متوقع ہے،لداخ کے تنازع پر بھارت چین تصادم کے بعد دو سال میں پہلی بار دونوں ممالک کے درمیان وزراء خارجہ سطح پر رابطہ ہونے جارہا ہے ۔ وزیر خارجہ وانگ ژی نے پاکستان میں او آئی سی کانفرنس میں شرکت کی جہاں سے وہ اچانک نیپال کے دورے پرپہنچ گئے ۔ جنوبی ایشیائی ممالک کے دورے کے آخری مرحلے میں چینی وزیرخارجہ کی نئی دہلی میں بھارتی قیادت سے ملاقاتوں کا امکان ہے جن میں بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر اورانڈین مشیر برائے قومی سلامتی اجیت ڈوول سے ملاقاتیں شامل ہیں، ان ملاقاتوں میں یوکرین پر روسی حملے سے پیدا صورتحال کے خطے پر مرتب اثرات پر بات ہوگی۔