کابل( اے ایف پی،جنگ نیوز)چینی وزیر خارجہ کا دورہ افغانستان،طالبان کی تمام خدشات دور کرنیکی یقین دہانی،وانگ یی نےافغانستان پر لگنے والی سیاسی و اقتصادی پابندیوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ ہم بیجنگ اور کابل کے تاریخی تعلقات کومزید مضبوط اور وسیع کرنا چاہتے ہیں.
کابل پہنچنے پروانگ یی کا امیر خان متقی نے استقبال کیا،دونوں رہنمائوں نے سیاسی، اقتصادی، تجارتی، ٹرانزٹ، فضائی روٹ، اسکالرشپس، سی پیک میں افغانستان کے حصے اور دیگر اہم موضوعات پر بھی گفتگو کی۔
تفصیلات کے مطابق طالبان نے جمعرات کو کہا ہے کہ انہوں نے بیجنگ کے سینئر سفارت کار کو ان خدشات کے بارے میں یقین دہانی کرائی ہے جو چین کے خیال میں افغان سرزمین سے ابھر سکتے ہیں۔
چینی وزیر خارجہ وانگ یی خصوصی دورے پر گزشتہ روز کابل پہنچے جن کا استقبال ان کے افغان ہم منصب مولوی امیر خان متقی نے کیا، دونوں رہنماؤں نے وزارت خارجہ سیکریٹریٹ میں ملاقات کی جس میں سیاسی، اقتصادی، ٹرانزٹ، فضائی روٹ، خشک میوہ جات کی تجارت، اسکالرشپس، ویزوں کے اجرا، معدنیات کے شعبے میں کام کے آغاز، سی پیک منصوبے میں افغانستان کے حصے اور دیگر اہم موضوعات پر بات چیت ہوئی۔
وانگ یی نے اپنے دورے کو ہمہ پہلو تعلقات میں بہتری کا ذریعہ قرار دیا، انہوں نے کہا کہ جس طرح چین اور افغانستان کے تاریخی تعلقات ہیں ہم چاہتے ہیں کہ یہ مزید مضبوط اور وسیع ہوں۔