اسلام آباد (وقائع نگار) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آل پاکستان نیوز پیپرز ایسوسی ایشن (اے پی این ایس) کے نومنتخب عہدیداران کو انکی کامیابی پر مبارک باد پیش کی ہے۔میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اے پی این ایس کے نومنتخب صدر سرمد علی، سیکرٹری جنرل ناز آفرین سہگل، سنیئر نائب صدر جمیل اطہر، نائب صدر شہاب زبیری، جوائنٹ سیکریٹری محسن بلال اور خازن اویس خوشنود کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں مبارک باد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزاد پریس میں یقین رکھتی ہے، پیپلز پارٹی نے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) سمیت نیازی حکومت کے ہر اس اقدام کی سب سے پہلے اور دوٹوک انداز میں مذمت کی ہے، جن کا مقصد میڈیا کی آواز کو دبانا تھا،دراصل، نیازی حکومت میڈیا کے آئینے میں اپنا اصل چہرہ دیکھنے سے ڈرتی ہے، ہم میڈیا کی آزادی پر کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوں گے، کیونکہ آزاد میڈیا اور جمہوریت کا تعلق چولی دامن کا ہے۔