• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس وِل اسمتھ کو گرفتار کرنے کے لیے تیار تھی ، آسکر پروڈیوسر

آسکر تقریب میں وِل اسمتھ کے کرس راک کو مُکا مارنے کے واقعے کے بعد پولیس انہیں گرفتار کرنے کے لیے تیار تھی۔

آسکر پروڈیوسر ول پیکر نے انکشاف کیا کہ اس ناخوشگوار واقعے کے بعد جب پولیس ول اسمتھ کو گرفتار کرنے ان کے پاس پہنچی تو وہ دونوں ساتھ بیٹھے خوش گپیوں میں مصروف تھے۔

اہلیہ کا مذاق اُڑائے جانے پر وِل اسمتھ کا کرس راک کو مُکا

آسکر ایوارڈ کے سلسلے میں جاری لائیو شو کے دوران کامیڈین کرس راک کی جانب سے میزبانی اور شرکاء کو ہنسانے کا سیشن جاری تھا، اس دوران کرس راک نے شرکاء کو ہنسانے کی غرض سے بہترین اداکار نامزد ہونے والے اداکار ول اسمتھ کی اہلیہ، اداکارہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ کو مذاق کا نشانہ بنایا۔

کرس راک کا جاڈا پنکٹ کے بالوں کی کٹنگ کا مذاق اور ایک فلم کے سیکوئل میں کام کرنے سے متعلق تجویز دی گئی، اس مذاق پر آسکر ایوارڈ کے ہال میں ایک دم خاموشی چھا گئی اور سب ہی اس مذاق پر حیران ہو گئے۔

اپنی اہلیہ کا نام آنے پر ول اسمتھ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور سیخ پا ہو گئے۔

ول اسمتھ اپنی کرسی سے اُٹھ کر اسٹیج پر جا پہنچے اور کرس راک کو مکا دے مارا، اسٹیج سے واپس آتے ہوئے ول اسمتھ کا کرس راک پر چلّاتے ہوئے کہنا تھا کہ ’میری بیوی کا نام اپنے منہ پر مت لاؤ۔‘

وِل اسمتھ نے جذباتی ہو کر معافی مانگ لی

اداکار نے کامیڈین کیلئے انسٹاگرام پر ایک معذرتی پیغام جاری کیا، ’کنگ رچرڈ‘ اسٹار وِل اسمتھ نے کہا کہ ’میں آپ سے عوامی طور پر معافی مانگتا ہوں کرس، میں غلط تھا اور اب میں اپنے کیے پر شرمندہ ہوں اور میری حرکت ایک ایسے شخص کی طرح نہیں تھی جیسا بننے کی میں کوشش کرتا ہوں۔‘

ول اسمتھ کا کہنا تھا کہ ’تشدد کسی بھی صورت میں ہو وہ زہریلا اور تباہ کن ہے، کل رات کے اکیڈمی ایوارڈز میں میرا رویہ ناقابل قبول اور ناقابل معافی ہے۔‘

انہوں نے لکھا کہ مجھے معلوم ہے کہ مذاق کرنا آپ کا کام ہے لیکن جاڈا کی طبی حالت کے بارے میں ایک لطیفہ میرے لیے ناقابلِ برداشت تھا اور میں نے جذباتی طور پر ردعمل ظاہر کیا۔

واضح رہے کہ ول اسمتھ کی اہلیہ، اداکارہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ بالوں کی بیماری ’ایلو پیشیا‘ کا شکار ہیں جس کی تشخیص کا انہوں نے 2018 میں عوام کے سامنے انکشاف کیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید