• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹو زرداری کو وزیر خارجہ بنایا جائے،ملک وسیم اختر

کوونٹری ( نمائندہ جنگ ) پیپلز پارٹی کے کارکن ملک وسیم اختر نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی حکومت جلد پاکستان میں قائم ہو گی جو پاکستان میں انقلابی تبدیلیاں لا کر قوم اور ملک کو خوشحال بنائیں گے۔عمرانی حکومت نے عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا رکھا ہے اور سادہ لوح لوگ اس کے جھانسے میں آتے رہے، اب عمران خان نیازی ایک ڈکٹیٹر بن کر ابھر رہا ہے، جس نے پاکستان کے قانون کو بھی سبوتاژ کر دیا اور ایک مرتبہ پھر جھوٹ کا سہارا لے کر امریکن خط کا شوشہ چھوڑ دیا۔ جسے اس کے چاہنے والے چند مٹھی بھر افراد سچ سمجھ کر واویلا کر رہے ہیں جو ملک و قوم کے مفاد میں ہر گز نہیں، ملک وسیم نے کہا کہ اپوزیشن کی حکومت میں بلاول بھٹو زرداری کو وزیر خارجہ بنایا جائے جو اپنے شہید نانا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو بہتر بنا کر دنیا میں پاکستان کا وقار بلند کریں گے، کیونکہ نیازی حکومت اور کٹھ پتلی وزیر خارجہ نے نہ تو بیرون ممالک تعلقات بنائے اور نہ ہی اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کئے، جس سے پاکستان کو نقصان ہوا اور اوورسیز سخت دل برداشتہ ہوئے ہیں، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کو سنجیدگی سے چلانے کے لیے حکمت عملی اپناتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کو وزیر خارجہ بنایا جائے۔
یورپ سے سے مزید