• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ اور ڈیرہ مراد جمالی میں فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں میں13مراکز کو جرمانہ

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیمیں رمضان المبارک کے دوران صوبہ بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں اشیاء خورونوش کے معیار پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ گزشتہ روزبی ایف اے حکام نے کارروائیاں کرتے ہوئے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر کوئٹہ میں 9 جبکہ ڈیرہ مراد جمالی میں 4 مراکز پر جرمانے کر دئیے۔ قبل ازیں کمشنر نصیر آباد فتح محمد خجک سے فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے زونل ڈائریکٹر امداد علی کی قیادت میں ملاقات کی اور انہیں بی ایف اے کے اقدامات بارے آگاہ کیا ۔ کمشنر نصیر آباد نے صوبہ بھر میں خوراک کے معیار کی بہتری کیلئے فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں اور کاوشوں کو سراہا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔درایں اثناء بی ایف اے کی زونل ٹیم نے ڈیرہ مراد جمالی میں متفرق مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے 3 ملک شاپس کو ٹیسٹ کردہ دودھ کے نمونوں میں ملاوٹ ثابت ہونے جبکہ ایک پکوڑا شاپ کو پرانے و خراب کوکنگ آئل کے دوبارہ استعمال پر جرمانہ کیا۔ کوئٹہ کے علاقوں سریاب روڈ ، سبزل روڈ اور جان محمد روڈ میں ایس او پیز کی خلاف ورزی اور ناقص اشیاء خوردونوش کی فراہمی پر 2 ہوٹلوں ، 2 میٹ شاپس ،ایک پیزا کارنر اور ایک سبزی شاپ کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ زائد المیعاد چپس ، پیکٹ دودھ ، جیم اور ممنوعہ چائنیز نمک و گٹکاپان پراگ کی فروخت پر 3 جنرل اسٹورز پر جرمانے عائد کئے گئے۔
کوئٹہ سے مزید