مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے چچا شہباز شریف کے وزارت عظمیٰ کا حلف اُٹھانے کے بعد اپنی خوشی ایک ٹوئٹ میں بیان کردی۔
مریم نواز نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر گزشتہ روز ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کی چند تصاویر شیئر کیں۔
تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مریم نواز، حمزہ شہباز اور کیپٹن (ر) صفدر اعوان وزیراعظم کے مہمانوں کی گیلری میں موجود ہیں۔
مریم نواز کافی پُرجوش اور خوش نظر آئیں جبکہ اُن کے ہاتھ میں اپنے والد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی ایک تصویر موجود ہے جو گزشتہ روز توجہ کا مرکز بنی۔
ٹوئٹر پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے مریم نواز نے سوالیہ انداز میں لکھا کہ دنیاوی خوشی کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟
مریم نواز نے مسلم لیگ نون کی کامیابی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ درد، ناقابل تلافی نقصانات اور مشکل جدوجہد کا ایک طویل سفر اس مسکراہٹ پر ختم ہوا۔
آخر میں اُنہوں نے اللّہ تعالیٰ کا شُکر بھی ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا
گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا، قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے نو منتخب وزیراعظم سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
ایوان صدر میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو، سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی بھی موجود تھے۔
متحدہ اپوزیشن کے شہباز شریف 174 ووٹ لے کر وزیراعظم پاکستان منتخب ہوئے، پی ٹی آئی کے شاہ محمود قریشی کو ایک بھی ووٹ نہ پڑا۔
تحریک انصاف نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کیا تھا۔ نتیجے کا اعلان ہوتے ہی شہباز شریف نے وزیراعظم کی نشست سنبھال لی۔
شہباز شریف کے ٹوئٹر کی بائیو میں تبدیلی
پاکستان کے نئے وزیراعظم شہباز شریف نے حلف اُٹھاتے ہی اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کی بائیو تبدیل کردی۔
شہباز شریف نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ کی بائیو میں تبدیلی کرکے اب ’پرائم منسٹر آف پاکستان‘ لکھ دیا ہے۔