اتہران (جنگ نیوز )ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کو ایران پر پابندیاں ہٹاتے ہوئے تہران کے ساتھ بین الاقوامی جوہری معاہدے کی طرف بڑھنے کے لیے نیک نیتی کا اظہار کرنا چاہیے ۔ دوسری جانب ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ ان کا ملک اپناجوہری پروگرام آئندہ بھی آگے بڑھاتا رہے گا۔ ایرانی صدر نے کہا کہ تہران کا ایٹمی پروگرام صرف پرامن شہری مقاصد کے لیے ہے، برطانوی میڈیا کے مطابق ایران اور امریکا 2015 کے جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے گزشتہ سال سے ویانا میں بالواسطہ گفتگو میں مصروف ہیں۔سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 2018میں مذکورہ جوہری معاہدے سے دستبردار ہوگئے تھے جس کے بعد ایران نے جوہری پروگرام کی خلاف ورزی شروع کردی تھی۔ تہران اور واشنگٹن کی جانب سے دیگر مسائل پر ضروری سیاسی فیصلے لینے سے متعلق ایک دوسرے پر الزام تراشی کے بعد مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔