اسلام آباد(محمد صالح ظافر) ایم کیو ایم پاکستان نے وفاقی کابینہ میں شامل نہ ہونے اور باہر سے بیٹھ کر وسیع البنیاد حکومت کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے سے وزیر اعظم کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
ایم کیو ایم پی کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے منگل کی شام دی نیوز سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت نے مخلوط حکومت کے ساتھی رہنماؤں سے حکومت کی تشکیل کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کراچی اور صوبے کے دیگر علاقوں کی فلاح و بہبود کے لئے اتحادیوں کی جانب سے کئے گئے وعدوں پر عمل درآمد میں زیادہ دلچسپی رکھتی ہے۔