گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ کی ریورل افیئرز کی سیکرٹری ماری گوگن نے کہا ہے کہ روس کے یوکرین پر حملے سے برطانیہ کی فوڈ سپلائی چین پر منفی اثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے اس مسئلے کا حل تلاش کرنے کے لئے یوکے کی چاروں ریاستوں کے سربراہوں کے فوری اجلاس کا مطالبہ کیا ہے، جب کہ انہوں نے اپنے طور پر اسکاٹ لینڈ میں پہلے ہی ایک ٹاسک فورس قائم کر دی ہے ماری گوگن نے یوکے کے ریورل افیئرز، انوائرمنٹ اور فوڈ کے سیکرٹری جارج یوسٹین کےنام ایک خط میں لکھا کہ فیول کی قیمتوں میں بڑھتا ہوا اضافہ ہمارے کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں بھی بڑھا رہاہے، کچھ ماہی گیروں کے لئے بندرگاہ سے باہر نکلنا قابل عمل نہیں رہا، بعض جانوروں کی پرورش کے اخراجات ناقابل برداشت ہو رہے ہیں، بنیادی مصنوعات کی لاگت اور سرخ پٹرول پر ٹیکس ریلیف ختم کرنے سے فوڈ پروسیسنگ اور اسٹوریج کے شعبوں کو سخت نقصان ہو رہا ہے۔ اسکاٹ لینڈ کے کسانوں نے خبردار کیا ہے کہ وہ مختلف وجوہات جن میں بریگزٹ، کورونا وغیرہ شامل ہیں، پہلے ہی ایک مکمل طوفان کا سامنا کر رہے ہیں جس کو یوکرین کی جنگ نے تیز تر کر دیا ہے۔ نیشنل فارمرز یونین اسکاٹ لینڈ کا کہنا ہے کہ فیول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور اناج کی قلت کا مطلب قیمتوں میں اضافہ اور اشیاء کی قلت ہو سکتی ہے۔