کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ناقص خوراک کے تدارک اور رمضان المبارک میں عوام کو معیاری اشیاء کی یقینی فراہمی کیلئے مختلف اضلاع میں کاروائیاں جاری ہیں ، اس سلسلے میں بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کوئٹہ ، اوستہ محمد اور سوراب میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 4 معروف بیکریوں سمیت 20 سے زائد مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے۔ کوئٹہ کے علاقوں جوائنٹ روڈ ، سیٹلائٹ ٹاؤن ، شہباز ٹاؤن اور فقیر محمد روڈ میں متفرق اشیاء خوردونوش کے مراکز چیک کئے گئے ، 4 مشہور بیکرز کے بیکنگ یونٹس کو صفائی کی ابتر صورتحال ، آلودہ پروسیسنگ مشینری ، پروڈکشن میں ناقص اجزاء کے استعمال اور اشیاء پر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تواریخ کی عدم موجودگی پر جرمانہ گیا ، اس دوران 3 جنرل اسٹورز ، 1 ہولسیل ٹریڈر اور 1 بیکری سے بڑی مقدار میں زائد المعیاد خوردنی مصنوعات برآمد ہوئیں جبکہ 5 میٹ شاپس اور 1 فالودہ کارنر میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پائی گئی جس پر مزکورہ مراکز پر جرمانے عائد کرتے ہوئے دکانوں سے ملنے والی ناقص و زائد المعیاد اشیاء ضبط کر لی گئیں۔ علاوہ ازیں بی ایف اے کی زونل ٹیموں کی جانب سے اوستہ محمد اور سوراب میں مختلف مراکز کی انسپیکشن کی گئی ۔ اوستہ محمد میں 3 ملک شاپس کو دودھ میں ملاوٹ کرنے ، 1 کولڈرنک ہولسیلر کو زائد المعیاد مشروبات کی موجودگی جبکہ 1 ہوٹل اور 1 میٹ شاپ کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا ، سوراب میں بھی 2 ملک شاپ کا دودھ ٹیسٹ کرنے پر ملاوٹی ثابت ہوا ، 2 بیکریوں اور 1 ہولسیل ٹریڈر سے زائد المعیاد کولڈرنکس برآمد ہوئیں جس کی بناء پر مزکورہ پانچوں مراکز کے خلاف ایکشن لیا گیا۔