بولٹن(ابرار حسین) میٹرو پولیس لندن دو نامعلوم افراد کی تلاش میں ہے جو پاکستان نژاد برٹش باکسر عامر خان سے ان کی قیمتی گھڑی جس کی مالیت 75ہزار پونڈ بتائی جاتی ہے، گن پوائنٹ پر گذشتہ روز چھین کر فرار ہوگئے تھے تاہم لٹیرے ابھی تک نہیں پکڑے جاسکتے، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب عامر خان اپنی اہلیہ کے ہمراہ ایک افطار ڈنر کی تقریب میں جارہے تھے، جہاں انہیں یوکرین کے متاثرین کیلئے فنڈ جمع کرنا تھا، واقعہ کی اطلاع انہوں نے فوری طور پر پولیس کو کردی تھی، پولیس نے عامر خان سے ملاقات کے بعد مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ، تاحال کوئی بھی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ واقعہ پر بولٹن میں مقیم ان کے والد سجاد خان، چھوٹے بھائی ہارون خان، ان کےخاندان کے دیگر عزیز و اقارب کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ان تمام افراد نے اللہ کا شکر ادا کیا کہ واقعہ میں دونوں میاں بیوی محفوظ رہے۔