لاہور(خصوصی نمائندہ)چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے کچھ اضلاع کے رمضان بازاروں میں چینی کی 70روپے فی کلو گرام کی قیمت سے زائد پر فروخت پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور ڈویژنل کمشنرز سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ رمضان بازاروں میں چینی کی 70روپے فی کلو کی قیمت پر دستیابی یقینی بنانے سے متعلق واضح ہدایات جاری کی گئیں تھیں، کچھ اضلاع کے افسران نے ہدایات پر عملدرآمد کے سلسلے میں ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز فیلڈ میں جا کر خود صورتحال کا جائزہ لیں، چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے کہا کہ عید کے دوران گندم، آٹے اور کھاد کی سمگلنگ کا خدشہ ہے، سمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات کو سخت کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیزل کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔