• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈپارٹمنٹل کرکٹ بحال کی جائے، شہباز شریف کو سرفراز نواز کا خط

لندن (نمائندہ جنگ) پاکستان کے سابق فاسٹ بولر سرفراز نواز نے شہباز شریف کو وزیراعظم پا کستان کا عہدہ سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں آپ کی قیادت میں ملک کی خوش حال ترقی اور تعمیر نو کیلئے کام کی رفتار پر فخر ہے۔ شہباز شریف کے نام خط میں انہوں نے پاکستان کرکٹ کے موجودہ سٹرکچر کے معاملات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی ایما پر کرکٹ سٹرکچر کی مکمل طور پر اصلاح کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں ڈومیسٹک کرکٹ سسٹم صرف چھ ریجنل ٹیموں تک محدود ہو کر رہ گیا اور 192 کرکٹرز کنٹریکٹ پر ہیں۔ تقریباً 400 مرد کرکٹرز اس نئے سٹرکچر کی وجہ سے ملازمتوں سے ہاتھ دھوبیٹھے اور خواتین کرکٹ پر اس کے اور بھی شدید اثرات پڑے۔ اب پاکستان میں صرف 45 ایکٹیو خواتین ہیں۔ تین برس پہلے کی 200 متحرک ویمن کرکٹرز کے مقابلے میں تعداد اس قدر کم ہو گئی۔ انہوں نے لکھا کہ پی سی بی کی جانب سے ڈپارٹمنٹل کرکٹ کے رول کو اس ری سٹرکچرنگ کے نتیجے میں محدود کئے جانے کے بڑے اثرات کو ہم شدت سے محسوس کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورت حال میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ کرکٹ سٹرکچر کو اس کی ابتدائی پوزیشن میں بحال کریں، ہم نے ڈومیسٹک کرکٹ مختلف ڈپارٹمنٹس کی جانب سے کھیلی تھی۔ اب موجودہ کھلاڑیوں کی نئی کھیپ، جس میں بہت سے باصلاحیت کھلاڑی شامل ہیں، کو ڈپارٹمنٹل ٹیموں کی نمائندگی کرتے ہوئے اس سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ سرفراز نواز نے کہا کہ ڈپارٹمنٹس ہمارے کرکٹرز کو ایک گرانقدر ذریعہ آمدن فراہم کرتے ہیں، جس سے ان کی فیملیز کو مالی سپورٹ ملتی ہے۔ مزید براں کھلاڑی ایک اچھا شہری بھی بنتا ہے۔ مجھے امید ہے کہ آپ جلد از جلد اس معاملے کو دیکھیں گے۔

یورپ سے سے مزید