وزیرِاعظم شہباز شریف سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دورے پر ہیں ایسے میں متحدہ عرب امارات کے کراچی میں قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں متحدہ عرب امارات کی انویسٹمنٹ کے حوالے سے عید کے بعد خوشخبری دیں گے۔
کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سے تعلقات کے حوالے سے اچھی خبریں آنے والی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یو اے ای اور پاکستان کے مابین 70 سال سے مضبوط تعلقات ہیں اور یو اے ای نے پاکستان کی ہر حکومت کے ساتھ مثالی تعاون کیا ہے جو مستبقل میں بھی جاری رہے گا۔
قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کی پاکستان کے ساتھ دوستی بے لوث اور مثالی ہے۔ پاکستان و امارات دوستی دنیا بھر کے لیے مثال ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یو اے ای حکومت ہر سال رمضان المبارک میں سندھ اور بلوچستان کے نواحی علاقوں میں مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کرتی ہے اور اس سال بھی یہ سلسلہ زور شور سے جاری رہا۔
قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے بتایا کہ اس رمضان المبارک میں سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں 25 ہزار سے زائد مستحق خاندانوں میں راشن اور ضروریات زندگی کی اشیاء تقسیم کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہی نہیں مقامی حکومت کے ساتھ مل کر کراچی، لاڑکانہ، خیرپور، سکھر، میرپور خاص میں صحت کے شعبے پر کام کر رہے ہیں۔
اماراتی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستانی میڈیا کے مثبت کردار نے یو اے ای اور پاکستان کے مضبوط تعلقات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔