• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین نے ماہرین کو ممکنہ معاشی حملے سے بچنے کیلئے تیاری کا حکم دیدیا

کراچی (نیوز ڈیسک) چین میں حکومت کی جانب سے ماہرین کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ ملک کو کسی بھی معاشی حملے سے بچانے کیلئے اقدامات کریں۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، اقدام کا مقصد چین کی جانب سے ممکنہ طور پر تائیوان پر حملے کے نتیجے میں مغرب کی پابندیوں سے بچنا ہے۔ 

بتایا جاتا ہے کہ یوکرین پر فوجی کارروائی کے بعد روس پر مغرب کی جانب سے پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد چین الرٹ ہے اور چاہتا ہے کہ ایسی کسی بھی طرح کی پابندیوں سے بچنے کیلئے پیشگی اقدامات کر لیے جائیں۔ 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چین میں معاشی ریگولیٹرز کا ہنگامی اجلاس 22؍ اپریل کو ہوا جس میں چین کے مرکزی بینک، وزارت خزانہ، چین میں مقامی سطح پر فعال بینکوں اور ایچ ایس بی سی جیسے بین الاقوامی مالی اداروں کے اہم نمائندوں نے شرکت کی۔ مغربی ممالک نے چین کی اس پیشگی تیاری کو تائیوان پر حملے کی تیاری قرار دیا ہے۔ 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روس پر سخت ترین پابندیوں کی وجہ سے ہی چین میں یہ ہنگامی اجلاس ہوا ہے، وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ صدر شی جن پنگ کی انتظامیہ الرٹ ہے جبکہ ڈالر کے اثاثہ جات کو حیران کن انداز سے منجمد کر دیا گیا ہے۔ 

بتایا گیا ہے کہ چین کے اس اقدام سے قبل امریکا اور برطانیہ کے ماہرین کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں تائیوان پر ممکنہ چائنیز حملے کے بعد ایشیا میں پیدا ہونے والے بحران سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ چین کا دعویٰ ہے کہ تائیوان اس کا حصہ ہے، جزیرہ نما ملک 1949ء سے ایک الگ ملک کی حیثیت کا حامل رہا ہے۔

اہم خبریں سے مزید