اسلام آباد( نیوز رپورٹر)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں توانائی کے ملکی شعبے کو درپیش چیلنجز کا جائزہ لیا گیا، نائب وزیراعظم نے کابینہ کمیٹی ضروری نقد آور فصلوں کے اجلاس کی بھی صدارت کی، کپاس کے شعبے کا جامع جائزہ لیا۔ اجلاس کے دوران توانائی کی کھپت کے اعدادوشمار، قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار، سبسڈی کے انتظام اور ٹرانسمیشن و ڈسٹری بیوشن کے نقصانات میں کمی سمیت مالیاتی استحکام اور طویل مدتی استحکام کو متاثر کرنے والے کلیدی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ طویل مدتی شعبہ جاتی استحکام کو یقینی بناتے ہوئے ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ٹھوس، قابل عمل اقدامات تجویز کریں۔ادھر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کابینہ کمیٹی برائے ضروری نقد آور فصلوں کے چوتھے اجلاس کی صدارت کی۔ کمیٹی نے پاکستان کے کپاس کے شعبے کا جامع جائزہ لیا۔