کراچی( اسٹاف رپورٹر) چین میں کورونا کیسز دوبارہ سامنے آنے کے بعداولمپک کونسل آف ایشیا نے رواں سال10سے25 ستمبر تک چین کے شہر ہانگ زہو میں ہونے والے ایشین گیمز ملتوی کر دئیے ہیں،او سی اے کاکہنا ہےکہ اس حوالے سے ایگزیکٹو بورڈ، ایشین گیمز کمیٹی اور چینی حکام نے باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا، گیمز میں شرکا کی تعداد اور وبا کی صورتحال کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔اولمپک کونسل آف ایشیا کا کہنا ہےکہ ایشین گیمز کی نئی ناریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔خیال رہے کہ ہانگجو شہر شنگھائی کے نزدیک ہے جو کورونا کی لپیٹ میں ہے۔گزشتہ کئی ہفتوں سے شنگھائی میں لاک ڈاؤن ہے۔ علاوہ ازیںاو سی اے کے مطابق دسمبر میں چین میں ہونیوالے ایشین یوتھ گیمز کو منسوخ کردیا گیا جب کہ ایشین یوتھ گیمز جو 2021 میں ہونے والے تھے رواں سال20-28 دسمبر تک چین میں ہونے والے تھے اب یہ مقابلے2025 میں تاشقند میں ہوں گے۔دریں اثنا غیرملکی ویب سائٹ کے مطابق ایشین گیمز کے لیے ہانگجو میں 56 نئے مقامات تعمیر کیے گئے ہیں جہاں ایشین گیمز کے بعد ایشین پیرا گیمز کے مقابلے منعقد ہونا تھے۔تاہم چینی حکومت کے فیصلے کے بعد اب شائقین کا انتظار طویل ہوجائے گا۔ رواں سال فروری میں چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ونٹر اولمپکس کے کامیاب تجربے کے بعد خیال کیا جارہا تھا کہ ایشین گیمز اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔ تاہم انتظامیہ کے فیصلے کےبعد اب لگ رہا ہے کہ یہ کھیل 2023 میں منعقد ہوں گے کیوں کہ پیرس میں اولمپک گیمز کا میلہ 2024 میں سجنے والا ہے۔