• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی(جنگ نیوز) بلجیم میں جیو نیوز کے نمائندے اور سینئر صحافی خالد حمید فاروقی اچانک حرکت قلب بند ہوجانے سے گزشتہ روز انتقال کرگئے،مرحوم خالد حمید فاروقی کی اہلیہ کے مطابق مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے ان کے گھر آکر پولیس نے انہیں شوہر کی موت سے مطلع کیا،مقامی پولیس کے مطابق خالد حمید فاروقی لندن سے بس کے ذریعے واپسی پر شہر کے سینٹر سے گزر رہے تھے جب اچانک وہ حرکت قلب بند ہوجانے سے گر گئے، موقع پر موجود افراد نے ایمبولینس اور پولیس کو مطلع کیا۔خالد حمید فاروقی کو طبی امداد دی گئی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے اور خالق حقیقی سے جاملے۔خالد حمید فاروقی ایک کہنہ مشق اور اپنے کام سے عشق کرنے والے صحافی تھے، سنجیدہ خبر کی تلاش اور اسے ناظرین تک پہنچانے کیلئے وہ یورپ کے ہر ملک میں سفر کرتے تھے،عالمی امور پر رپورٹنگ کے لیے شہرت رکھنے والے خالد حمید فاروقی طویل عرصے سے یورپ میں مقیم تھے،حال ہی میں فرانس کے صدارتی الیکشن اور حالیہ روس یوکرین جنگ کے دوران بھی انہوں نے یوکرین کے اندر تک جا کر رپورٹنگ کی اور جیو نیوز کے دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ناظرین کو حالات حاضرہ سے باخبر رکھا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ سینئر صحافی خالد حمید فاروقی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک کہنہ مشق اور اپنے پیشے سے عشق کرنے والے صحافی تھے، ان کی وفات صحافت کے شعبے کا بڑا نقصان ہے۔ جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ خالد حمید فاروقی کی وفات پر بہت دکھ ہوا، وہ سنجیدہ طبیعت اور اعلیٰ صحافتی معیار پر کاربند صحافی تھے۔

ملک بھر سے سے مزید