کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ اشاروں میں بھی اداروں کیخلاف بات کی جائے تو وہ جرم سمجھا جائے گا، عمران خان کیخلاف نہ مقدمہ درج کروارہا ہوں نہ مقدمہ کی بات کررہا ہوں.
فوج کو انتخابات کروانے کا کہنے پر شیخ رشید اور فوج کو خط لکھنے پر گورنر پنجاب کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے، پنجاب میں گورنر راج لگانے کی کوشش ہوئی لیکن کسی نے ہاتھ نہیں پکڑایا، عمران خان اپنے لیے بارودی سرنگیں بچھارہے ہیں۔
وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔
پوچھے گئے سوال کہ نواز شریف بھی فوج پر تنقید کرتے ہیں اور عمران خان بھی فوج پر تنقید کرتے ہیں دونوں میں کیا فرق ہے کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ نواز شریف کی فوج پر تنقید اور عمران خان کی فوج پر تنقید میں فرق ہے.
نواز شریف فوج کو سیاست سے دور رکھنے کی بات کرتے ہیں جبکہ عمران خان فوج کو سیاست میں گھسیٹنے کی بات کرتے ہیں پروگرام میں جی ڈی اے کے رہنما غوث بخش مہر اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس بھی شریک تھے۔
جی ڈی اے کے رہنما غوث بخش مہرنے کہا کہ شیخ رشید کا فوج سے الیکشن کروانے کا مطالبہ غیرمناسب ہے، کسی کو بھی پاکستان کے اداروں کیخلاف بات نہیں کرنی چاہئے،جو بھی اداروں کیخلاف بات کرے اس کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے.
اداروں کے خلاف بات کرنے والوں کو الیکشن کیلئے نااہل قرار دیا جائے، پنجاب میں ہارس ٹریڈنگ ہوئی وزیراعلیٰ کا الیکشن دوبارہ ہونا چاہئے، موجودہ سیاسی انتشار کا سوائے الیکشن کے کوئی حل نہیں ہے۔