پشاور ( جنگ نیوز )خیبرپختونخوا کے وزیر برائے سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی اور خوراک عاطف خان نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل سٹی ہری پور،ڈیجیٹل اکانومی اینڈ سکل سنٹر شنکر،مردان اور شہری سہولت مراکز کا افتتاح جلد کیا جائے گا جن سے نہ صرف آئی ٹی انڈسٹری کو فروغ ملے گابلکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع سمیت ڈیجیٹل دنیا میں ابھرتے ہوئے ٹرینڈز سے بھی روشناس کیا جائے گا،ان کا کہنا تھا کہ شہری سہولت مراکز کے قیام سے ضلعی سطح پر ون ونڈو سہولیات میسر ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سائنس ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق جاری منصوبوں پر پیشرفت بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ جس میں سیکرٹری محکمہ سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی مطیع اللہ خان اور مینیجنگ ڈائریکٹر خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ علی محمود کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈیجیٹل سٹی ہری پور،ڈیجیٹل اکانومی اینڈ سکل سنٹر اور شہری سہولت مراکز پر عملی کام شروع کرنے کیلئے تمام اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں جس کا افتتاح عنقریب کیا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کہ ڈیجیٹل سٹی ہری پور کے منصوبے 1642.34 ملین روپے،ڈیجیٹل اکانومی اینڈ سکل سنٹر شنکر مردان 742 ملین روپے جبکہ شہری سہولت مراکز کے قیام پر 2.24 بلین روپے خرچ کئے جائیں گے ۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ شہری سہولت مراکز منصوبے کے پہلے مرحلے میں پانچ محکموں کے انیس خدمات کی فراہمی ڈویژنل سطح پر فراہم کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں ضلعی سطح پر توسیع دی جائے گی۔ عاطف خان نے متعلقہ حکام کو تمام منصوبوں پر کام مقررہ مدت میں یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس سلسلے میں بلا وجہ تعطل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔