کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف مکمل سوچ و بچار کے بعد مشکل فیصلے کرنا چاہتے ہیں،پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کیلئے مشکل فیصلے کرنا آسان نہیں ہوتا ہے، چیلنج بہت بڑا ہے لیکن الائنس کو فیصلے میں مشکل نہیں ہوگی، اگر بڑے فیصلے نہیں کریں گے تو اسی صورتحال سے دوچار ہوجائیں گے جس کا ابھی سامنا ہے،میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے قدم جمائے نہیں ہیں اور تحریک انصاف سڑکوں پر آچکی ہے، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان کو اپنے کہے کا بھی پاس نہیں ہے، عمران خان ایک دن کوئی بات دوسرے دن تردید کر کے نئی بات کرتا ہے،عمران خان کو اپنی آج کہی ہوئی بات اگلے روز یاد نہیں رہتی،عمران خان نے ایبٹ آباد جلسے میں خاص طرف اشارہ کیا تھا، وزیراعظم شہباز شریف کبھی بھی سپہ سالار نہیں رہے،عمران خان کو اندازہ ہوا ہوگا غلط بات کہہ دی اس لیے شہباز شریف کا نام لے دیا۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان فوج اور عدلیہ سے بھی لڑے گا،عمران خان اپوزیشن اور اپنے اتحادیوں سے بھی لڑتا رہا ہے،عمران خان اتنا متکبر انسان ہے اس کی جہانگیر ترین اور علیم خان سے بھی نہیں بنی، عمران خان کی ان اتحادیوں سے بھی نہیں بنی جنہوں نے اسے وزیراعظم بنایا، یہ آدمی نہ کسی کے ساتھ چل سکتا ہے نہ کسی کو ساتھ چلاسکتا ہے، رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملک کی حفاظت کرنا مقدس فریضہ ہے اسے چوکیداری سے تشبیہ دینا غلط ہے، عمران خان جلسے کرتے رہیں ہم پر کوئی دباؤ نہیں ہے،پی ٹی آئی نے 2013ء میں بڑے جلسے کیے مگر صرف 23نشستیں حاصل کرسکا، 2018ء میں الیکٹ ایبلز کس طرح عمران خان کے ساتھ شامل ہوئے سب کو علم ہے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت کی غلطی کے باعث عام آدمی مشکل میں ہے، آئی ایم ایف ضد کر کے بیٹھا ہے ڈیزل اور پٹرول کی قیمت بڑھائیں،ہم پر یہ دباؤ ہے کہ اگر قیمتیں بڑھائی جاتی ہیں تو عوام کا کیا ہوگا،پنجاب حکومت بن چکی ہے کابینہ تشکیل پانا ہے، ہم سب کی خواہش تھی کہ اپنے لیڈر نواز شریف کے سامنے بیٹھ کر بات کریں، نواز شریف کی ویژن کے مطابق وفاقی اور پنجاب حکومت کو آگے لے کر چلیں گے، ہمیں مشکل فیصلے کرنے ہیں ہم ڈر کر الیکشن میں چلے گئے تو ملک اس صورتحال سے نکل نہیں سکے گا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اپنے لیڈر کے پاس جانا ہم سب کیلئے اعزاز ہے، نواز شریف صحت کے معاملات ٹھیک کر کے واپس آئیں گے،نواز شریف کی واپسی میں اگر چند ہفتوں کی تاخیر ہے تو کوئی حرج نہیں کہ ہم لندن جائیں،آج ادارے سیاست میں مداخلت نہیں کررہے اپنے کام سے کام رکھ رہے ہیں، پارلیمنٹ آج اپنے فیصلے خود کررہی ہے یہ نواز شریف کے بیانیہ کی کامیابی ہے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان پچیس ہزار لوگ بھی اسلام آباد نہیں لاسکتا، اس کی ساری بڑھکیں دھری کی دھری ہ جائیں گی، عمران خان نے پوری سیاست پراپیگنڈے پر کی ہے، پراپیگنڈے سے الیکشن جیتا جاسکتا تو عمران خان 2013ء میں بھی جیت جاتے، عمران خان جو مداخلت ڈھونڈ رہاہے وہ اب نہیں ہوگی، اداروں نے بوجوہ فیصلہ کیا ہے کہ اب ان کا سیاست سے کوئی سروکار نہیں ہوگا، اداروں کا یہ فیصلہ آئین و قانون کے مطابق ہے، عدلیہ نے بھی غیرآئینی مداخلت برداشت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان پاگل آدمی ہے یہ پوری دنیا جان چکی ہے، اس پاگل آدمی سے قوم کی جان چھوٹ گئی ہے، عمران خان نے صرف اپنے سپورٹرز کو فعال کیا ہے ، پی ٹی آئی حلقوں میں جائے گی تو اسے سمجھ آجائے گی، عمران خان کو چار سال کی لوٹ مار کا جواب دینا پڑے گا، الیکشن کمیشن نے سات ماہ مانگے ہیں اس سے پہلے الیکشن نہیں ہوسکتے۔