کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) رکن اسمبلی میر احمد نواز بلوچ نے ممتاز قبائلی شخصیات سردار احمد خان بنگلزئی اور سردار اللہ یار خان بدوزئی پر حملے اور کوئٹہ میں قمبرانی روڈ پر بی این پی کے رہنما موسیٰ بلوچ کے بھائی سعید احمد کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام بلوچی روایات اور اقدار کے منافی ہے،جس سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو ایک بار پھر مخدوش کیا جارہا ہے۔ حکومت کو ان واقعات کی تحقیقات کرکے ان کا تدارک کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ قبائلی شخصیات پر حملہ اور قمبرانی روڈ پر پارٹی رہنماء کے قتل کے واقعات باعث تشویش ہیں، اس طرح کے واقعات کے باعث بلوچستان میں امن کی صورتحال خراب ہوگی ،حکومت کو پوری تندہی سے ان واقعات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دینا ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ سردار احمد خان بنگلزئی اور سردار اللہ یار خان بدوزئی کو صوبے میں ہر طبقے کی جانب سے خیر خواہی و شرافت کی نظر سے دیکھا جاتا ہے، ان پر حملہ امن خراب کرنے اور نفرتوں و کشیدگی کو جنم دینے کی سازش ہے۔ انہوں نے قمبرانی روڈ پر پارٹی کے مرکزی رہنماء موسیٰ بلوچ کے بھائی سعید احمد کے قتل پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔