کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہ زیب خان کاکڑ سے مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ کی قیادت میں تاجروں کے ایک وفد نے ملاقات کی وفد میں میر یسیٰن مینگل ، عمران ترین ، سعد اللہ اچکزئی ، ظفر کاکڑ ، سید آفتاب آغا ، نعمت آغا ، کلیم ترین اور دیگر شامل تھے وفد نے کمشنر کو جناح روڈ ، قندھاری بازار ، لیاقت بازار ، عبدالستارروڈ کو نو پارکنگ زون قرار دینے سے ان علاقوں میں واقع دکانداروں کی مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے گاہک خریداری کیلئے نہیں آتے جس کی وجہ سے دکانوں کا کرایہ ادا کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے ۔ وفد نے کمشنر کو بتایا کہ کوئٹہ شہر میں میونسپل کارپوریشن کی 700 سے زائد دکانیں ہیں جہاں تاجر اپنا کاروبار کرتے ہیں لیکن میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نے اچانک دکانوں کے کرایوں میں کئی ہزار گنا اضافہ کردیا جو ادا کرنا تاجروں کے بس کی بات نہیں ، وفد نے کمشنر کوئٹہ سے اپیل کی کہ تاجروں سے صفائی کے نام پر پیسے لینے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے کرایوں میں بے تحاشہ اضافے کے فیصلے واپس لیے جائیں زرغون روڈ اور ائیرپورٹ روڈ پر قائم چیک پوسٹوں فوری ختم کیا جائے چیک پوسٹوں کی وجہ سے سارا دن ٹریفک جام رہتا ہے کمشنر نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تاجر ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ان کے مسائل حل کیے جائیں گے۔