اسلام آباد (نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سابق سینیٹر فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل کی سماعت الیکشن کمیشن کی التواء کی درخواست پر ملتوی کردی ہے۔ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فیصل واوڈا کی نااہلیت کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل 23 مئی سے شروع ہونے عدالتی ہفتہ کے دوران سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کی جبکہ فیصل واوڈا کی نااہلیت سے سینیٹ کی خالی نشست پر منتخب ہونے والے پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو کو جواب جمع کرانے کا مشروط حکم جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ نثار کھوڑو چاہیں تو تحریری جواب جمع کراسکتے ہیں۔