• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے مثبت چہرے اور ثقافت کو پلاٹینم جوبلی کا حصہ بنائیں گے، سردار عدنان رشید

والسال (آصف محمود براہٹلوی) پاکستان کی آئندہ آنے والی پلاٹینم جوبلی ملکی و قومی جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہوکر ملک کے عزت و وقار کے شایان شان منانے کا عزم کیا گیا۔ اس سلسلے میں قونصلر جنرل آف پاکستان برمنگھم سردارعدنان رشید نے گزشتہ روز والسال کونسل ہال اور میئر پارلر میں سابق میئر حکومت آزاد کشمیر راجہ فضل الرحمن کی میزبانی میں منعقدہ پروقار تقریب سے اظہار خیال کیا۔ تقریب میں لیڈی میرس کے ساتھ کثیر تعداد میں کونسلرز، کونسلر خضر قادری، کونسلر آفتاب نواز، پاکستان کرسچن ایسوسی ایشن کے رہنما یاسر اجمل چغتائی، الحاج عبدالخالق قادری، سابق کونسلر راجہ یٰسین، حافظ عمر، حاجی ذوالفقار، ناصر رفیق، چوہدری شمیم، مدثر ظفر لالہ قدیر، عامر سرفراز، عمران یونس، فرحان سبحان، چوہدری اسلم آزاد سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ سردار عدنان رشید نے لیڈی میئرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جہاں ہم پاکستان کی پلاٹینم جوبلی کو منائیں گے وہاں پاکستان و برطانیہ کی عظیم دوستی کو بھی سیلبریٹ کریں گے، چونکہ پاکستان کے معرض وجود میں آنے کے بعد سے ہی پاک برطانیہ دوستی کا آغٰاز ہوا تھا جو گزشتہ سات دہائیوں سے چل رہی ہے، اب ہماری اس دوستی میں دونوں ممالک کی عوام بھی شامل ہیں۔ ہمارے منقسم خاندان پاک برطانیہ لازوال دوستی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ سردار عدنان رشید نے مزید کہا کہ پورے ویسٹ مڈ لینڈ ریجن میں بڑے پیمانے پر پاکستان ڈے منائیں گے۔ اس سلسلہ میں آج سے یہ عوامی رابطہ مہم کا آغاز ہے۔ پاکستان کے مثبت چہرہ، کلچر، ثقافت کو پلاٹینم جوبلی کا حصہ بنائیں گے۔ برمنگھم چونکہ ایک کثیرالثقافتی شہر ہے، یہاں تمام کمیونٹیز ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر پرامن رہ رہے ہیں اور ایک دوسرے کی خوشیوں میں مل کر شامل ہوتے ہیں۔ میزبان سابق مشیر حکومت حکومت راجہ فضل الرحمن نے تمام رہنمائوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ الحاج عبدالخالق قادری نے کہا کہ ہمارے آبائو اجداد نے اس ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ آج ہماری تیسری نسل یہاں کے تعلیمی اداروںسے فارغ التحصیل ہوکر یہاں کے مختلف اداروں میں اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہی ہے۔ کونسلر خضر قادری نے بطریق احسن نظامت کے فرائض سرانجام دیے اور سردار عدنان رشید کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سفر کے لیے نوجوان نسل کو راغب کرانے کے لیے انہیں سفری سہولیات فراہم کرنا ہوں گی، تاکہ وہ شوق سے ملک کا سفر کریں۔تقریب کے آخر میں ملکی قومی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔

یورپ سے سے مزید