• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمران طبقہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے سنجیدہ نہیں، الطاف شاہد

لندن ( پ ر)پاک سر زمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہدنے کہا ہے کہ نوازشریف کاوزیراعظم پاکستان اوروفاقی وزراءکولندن میں طلب کرناایک پیغام تھا۔بیماری کی آڑ میں لندن آنے اور دو برسوں سے وطن واپس نہ جانیوالے نوازشریف نے تاثر دیا کہ پاکستان کے حکمرانوں کی ڈوریاں اب ان کے ہاتھوں میں ہیں تاہم عمران خان کے بڑے بڑے بلنڈر انہیں سرنڈر کرنے کی پوزیشن تک لے آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ کیا وزیراعظم اوروفاقی وزراءکے پاس اپنے ملک میں کرنے کیلئے کوئی کام نہیں جووہ نوازشریف کے ایک اشارے پر دوڑتے ہوئے نجی دورے پر لندن چلے آئے ۔افسوس پاکستان کاحکمران طبقہ مہنگائی پرقابوپانے اورعوام کامعیار زندگی بلند کرنے کیلئے سنجیدہ نہیں لگتا ۔اپنے ایک بیان میں چوہدری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا کہ اقتدار کے ایوانوں میں چہرے تبدیل ہونے سے عوام کے پژمردہ چہروں کی رونق بحال نہیں ہوئی ۔ اتحادی حکومت نے انتظامی اصلاحات پرفوکس کرنے کی بجائے انتقامی اقدامات کی انتہاکردی ہے ۔سندھ اوربالخصوص شہرقائدؒ کی سیاست کسی متنازع گورنر کی متحمل نہیں ہوسکتی ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری منصب صرف اس کودیاجائے جس کی پاکستانیت سوالیہ نشان نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اوراس کے اتحادی اپنی منفی سیاست کیلئے منافرت اورصوبائیت کی آگ بھڑکانے سے گریز کریں ورنہ پی ایس پی کے قائدین اورکارکنان ہرسطح پران کامحاسبہ کریں گے۔

یورپ سے سے مزید