• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شریف فیملی کی تمام شوگر ملز سے چینی 70روپے کلو دینے کا فیصلہ

لاہور، سیالکوٹ (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ شریف فیملی کی ملکیت تمام شوگر ملوں سے چینی 70 روپے کلو کے حساب سے دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، باقی ملز بھی یہی قیمت رکھیں ،وزیراعلیٰ نے کہا نیازی کو قانون کا احترام سکھائیں گے ،انھوں نے صوبے میں پائیدار صفائی کیلئے کمشنرز سے ڈیڈلائن طلب کرلی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے تمام شوگر ملوں کو چینی 70 روپے کلو فروخت کرنے کی تلقین کی ہے اور شوگر ملز ایسوسی ایشن کو حتمی فیصلے کیلئے 24 گھنٹے کا وقت دے دیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے چینی کی قیمت میں کمی کیلئے فوری ایکشن لے لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی ٹیم نے شوگر ملز ایسوسی ایشن سے مذاکرات بھی کیے۔حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ عوام کو سستے داموں چینی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ دریں اثناء عدالت میں پیشی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ عمران نیازی کو قانون کا احترام سکھائیں گے،لندن میں ملک و قوم کیلئے اچھے فیصلے ہو رہے ہیں ،میں نے کمر کس لی ہے میں خود ہر جگہ جائوں گا ،مہنگائی کیخلاف جہاد کرکے عام آدمی کو ہر ممکن ریلیف دینے کی کوشش کرینگے،عمران خان کسی غلط فہمی میں ہے کہ وہ ہمیں دبائو میں لے آئیگا ،عمران نیازی کو وارننگ دیتا ہوں کہ آپ آئین اور عدالت کے فیصلوں کو نہیں مانتے اور اداروں کا مذاق اڑاتے ہیں ،مسلم لیگ (ن) تمہاری طرح انتقام تو نہیں لے گی لیکن قانون کو حرکت میں لا کر تمہیں قانون کا احترام سکھائے گی ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ تم نے اپوزیشن کو ناحق جیل میں ڈالا تھا، تمہارے خلاف تو باقاعدہ ثبوت موجود ہیں، جب قانون حرکت میں آئے گا تو تمہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روزانتظامیہ نے 3 گھنٹے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کئے کیونکہ سیالکوٹ میں جلسے کے مقام پر مسیحی برادری کو تحفظات ہیں ،انتظامیہ نے تحریک انصاف کو متبادل جگہ کی پیشکش کی لیکن انہوں نے ہٹ دھرمی کی ،عمران نیازی ملک میں خون خرابہ چاہتا ہے ، آج ملکی معیشت وینٹی لیٹر پر ہے، عمران نیازی کی بداخلاقی نے عوام میں انتشار بھر دیا ہے ،آج تمام سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، تمام ادارے ملکی سلامتی کے ضامن ہیں ،ہم نے بدترین سیاسی انتقام کے باوجود کبھی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی نہیں کی ،یہ شخص عالمی برادری کے خلاف جلسوں میں بات کرتا ہے اور جھوٹی سازش کا بار بار ذکر کرتا ہے ، اب اس کے جھوٹ ختم ہونے کا وقت آ گیا ہے ،قانون حرکت میں آئے گا اور اگر یہ پیار سے نہ سمجھا تو اسے سختی سے سکھائیں گے کہ ملکی آئین و قانون آپ کی انا ء سے بڑا ہے۔
ملک بھر سے سے مزید