• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

27 ویں ترمیم کیخلاف لاہور ہائیکورٹ بار کا اجلاس، وکلا کا احتجاج، ریلی

لاہور، اسلام آباد ( آن لائن )27 ویں ترمیم کیخلاف لاہور ہائیکورٹ بار کا اجلاس ہوا ، وکلا رہنماؤں نے کہا کہ27ویں ترمیم کے ذریعے متوازی آئینی عدالت بنا کر سپریم کورٹ کو غیر موثر بنادیا گیا، ہم وکلاء اس آئینی عدالت کو مسترد کرتے ہیں، بعدازاں وکلا کا احتجاجی مظاہرہ کیا اور ریلی بھی نکالی، ادھر اسلام آباد میں اپوزیشن رہنماؤں نے ضلع کچہری پہنچ کر خودکش حملے پر وکلا سے اظہار ہمدردی کی۔ تفصیلات کے مطابق 27ویں آئینی ترمیم کیخلاف لاہور ہائیکورٹ بارایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جی پی او چوک سے ججز گیٹ اشارے تک ریلی نکالی گئی، وکلاء نے حکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔ قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا اجلاس ہوا، صدر لاہور ہائیکورٹ بار ملک آصف نسوانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 ویں ترمیم کے ذریعے متوازی آئینی عدالت بنا کر سپریم کورٹ کو غیر موثر بنادیا گیا، آج عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے کوئی عدالت موجود نہیں، ہم وکلاء اس آئینی عدالت کو مسترد کرتے ہیں، نام نہاد حکومت کے ساتھ نام نہاد وکلاء کے نمائندے بیٹھ کر سہولت کاری کررہے ہیں، جو ہمارے ووٹوں سے باروں میں جاتے اور ہماری پیٹھ چھرا گھونپتے ہیں، ہمیں اپنی صفوں میں چھپے غداروں کو پہچاننے کی ضرورت ہے، ہائیکورٹ بار اور لاہور بار ہر جمعرات کو اجلاس منعقد کرکے ریلی نکالیں گے، کل آل پاکستان وکلاء ایکشن کمیٹی اگلا لائحہ عمل دے گی، ہم حق کا ساتھ دینے والے غیور ججز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ادھر اسلام آباد میں اپوزیشن رہنماؤں کے وفد نے اسلام آباد کی ضلع کچہری پہنچ کر حالیہ دھماکے پر وکلا سے تعزیت اور اظہار ہمدردی کیا۔اپوزیشن رہنماؤں میں محمود اچکزئی، راجا ناصر عباس، مصطفیٰ نواز کھوکھر، سابق اسپیکر اسد قیصر اور خالد یوسف چوہدری سمیت دیگر اپوزیشن وفد میں شامل تھے۔اس موقع پر سابق اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ امن و امان کا قیام سیکیورٹی اداروں اور حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت سارا دن مخالفین کیخلاف کیسز بنا رہی ہے، ناجائز آئینی ترامیم کر رہی ہے، مگر وکلا نے بتایا اتنے بڑے حادثے کے بعد ہم سے کوئی اظہار ہمدردی کے لیے بھی نہ آیا۔

ملک بھر سے سے مزید