کراچی(سید محمد عسکری) ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے ایم بی بی ایس فائنل ایئر کے 3 طلبہ کے ڈوبے جانے کے واقع کے بعد ڈاؤ یونیورسٹی اور منسلک اداروں کے طلباء، اساتذہ اور عملے کی تمام سمندری اور ساحلی سرگرمیوں یا پکنک پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے، رجسٹرار ڈاکٹر اشعر آفاق کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وائس چانسلر ڈاکٹر نازلی حسین کی ہدایت کی روشنی میں تمام آئینی اور منسلک اداروں کے سربراہان کو سختی سے تاکید کی جاتی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس طرح کی کسی بھی سرگرمی کو منظم، اجازت، حوصلہ افزائی یا کسی بھی طرح سے تعاون نہ کیا جائے۔ مزید برآں، کسی بھی حالت میں ایسی کسی بھی سرگرمی کے لیے یونیورسٹی کی نقل و حمل فراہم نہیں کی جائے گی، ان کا انتظام نہیں کیا جائے گا، یا سہولت فراہم نہیں کی جائے گی۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی خلاف ورزی کو بدانتظامی سمجھا جائے گا اور اس کے ذمہ دار افراد کو قابل اطلاق یونیورسٹی کے قوانین کے تحت تادیبی کارروائی کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔