• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انحراف سے بہتر ہے استعفیٰ دیدیں، سسٹم بچ جائے گا، سپریم کورٹ

اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ‘ایجنسیاں)سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس کی سماعت کے دوران جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارک دیئے کہ انحراف سے بہتر ہے استعفیٰ دیں، اس سے سسٹم بچ جائے گا، استعفیٰ دینے والے کو عوام ووٹ دیں تو وہ دوبارہ آجائے گا، ضمیر کے مطابق بھی کوئی انحراف کرے تو ڈی سیٹ ہوگاجبکہ چیف جسٹس کا کہناتھاکہ پارلیمانی پارٹی کی ہدایات کا احترام ہونا چاہئے ‘ایسا نہ ہوکہ پارٹی سربراہ پارلیمانی پارٹی کی ہدایات کو ختم کردے۔سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے صدارتی ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ آرٹیکل 63 اے عوامی مفاد کا اہم ترین ایشو ہے جس کو سن کرجلد فیصلہ کرنا چاہتے ہیں۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ سپریم کورٹ آئین اورعوامی مفاد سے متعلق معاملات سننے کیلئے ہروقت تیارہے، عدالت تمام فریقین کا احترام کرتی ہے لہٰذا عدالتوں کا بھی احترام کریں۔اس دوران عدالت نے (ن) لیگ کے وکیل مخدوم علی خان کوآج ہی تحریری دلائل جمع کرانے کی ہدایت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کی ہدایات کی تکریم ہونی چاہیے، ایسا نہ ہوکہ پارٹی سربراہ پارلیمانی پارٹی کی ہدایات کو ختم کردے۔ اس دوران جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ہر رکن اپنی مرضی کرےگا توجمہوریت کا فروغ کیسے ہوگا، کسی فرد پرفوکس کرنے کی بجائے سسٹم پرفوکس کیوں نہ کیا جائے، آرٹیکل 63 اے کے تحت انفرادی نہیں پارٹی کا حق ہوتا ہے، کیا دس 15 ارکان سارے سسٹم کو ڈی ریل کرسکتے ہیں؟۔ جسٹس اعجاز الاحسن کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے کندھے اتنے کمزور نہیں ہیں، ہمارے کندھے آئین پاکستان ہے، تشریح کا اختیار سپریم کورٹ کا ہے، عدالت کا کام آئین کا تحفظ اور تشریح کرنا ہے، عدالت نے دیکھنا ہے کہ درخواست میں کس نوعیت کا سوال اٹھایا گیا ہے، عدالت کا پہلا سوال درخواست کے قابل سماعت ہونے کا ہے، آئین کے تحت ذمہ داری ہے کہ آئین کی تشریح کریں۔ بعد ازاں عدالت نے ریفرنس پر سماعت آج منگل تک ملتوی کردی ۔

اہم خبریں سے مزید