• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹو دورہ امریکہ میں یٰسین ملک کی رہائی کیلئے آواز اٹھائیں، چوہدری سعید

وٹفورڈ( نمائندہ جنگ )جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ وٹفورڈ کے سابق صدر چوہدری محمد سعیدنے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے دورہ امریکہ کے حوالے سے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ اس سے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے گی۔ جنگ سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ مختلف ادوار میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتےرہے ہیں۔ خصوصاً افعانستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے دوران پاکستان نے بھرپور تعاون کیا ہے اور آج کشمیری عوام وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ دورہ امریکہ کے موقع پر امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن کے سامنے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال اپنے ایجنڈے میں سر فہرست رکھیں۔چوہدری محمد سعید نے کہا اوورسیز کشمیری وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ امریکہ کے دورے دوران مسئلہ کشمیر پر سہ فریقی مذاکرات، ممتاز کشمیری رہنما چیئرمین جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یاسین ملک کی باعزت رہائی اور دوسرے اہم معاملات زیر بحث لائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا حق ادا کرے ۔ امریکہ ایک سپر طاقت ہونے کے ناتے جنوبی ایشیا میں قیام امن کے لیے مسئلہ کشمیر پر سہ فریقی مذاکرات کے انعقاد کیلئے کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا اگر افغانستان اور یوکرین کے مسئلے پر امریکہ، برطانیہ اور نیٹو ممالک قیام امن کے لیے کردار ادا کر سکتے ہیں تو وہ پاکستان بھارت اور کشمیری قیادت کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے کیوں کردار ادا نہیں کرسکتے۔چوہدری محمد سعید نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی موجودگی میں بھارت کے اس دعوے میں کوئی صداقت نہیں کہ کشمیر دو طرفہ مسئلہ ہے اور مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ ہے ۔ چوہدری محمد سعید نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے دورہ امریکہ کے دوران آزادی پسند لیڈر یاسین ملک کی باعزت رہائی کیلئے آواز اٹھائیں۔ بھارت کے حکمرانوں نے طاقت کے زور پر کشمیری عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے ۔ 9لاکھ بھارتی فوجی کشمیر میں دہشت گردی میں ملوث ہیں، بھارتی حکمرانوں نے کشمیر کو یوکرین بنا رکھا ہے، اس پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی خاموشی مجرمانہ فعل ہے ۔
یورپ سے سے مزید