• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک ہفتے میں اینٹی ڈینگی سرویلنس پلان ترتیب دینے کی ہدایت

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) اسلام آباد، راولپنڈی انتظامیہ و کنٹونمنٹ بورڈز ملکر ایک ہفتے ہیں اینٹی ڈینگی سرویلنس پلان ترتیب دیں جس میں علاقوں کی تقسیم اور ہر محکمے کے کردار، ذمہ داریوں کی تفصیل اور نامزد فوکل پرسنز کی تفصیل درج ہو۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر راولپنڈی ڈویژن نور الامین مینگل اور اسٹیشن کمانڈر سلمان نذر نے انسداد ڈینگی جائزہ اجلاس میں کیا۔ کمشنر نے کہا کہ راولپنڈی میں اب تک ڈینگی کے 7مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ ڈینگی سے نمٹنے کیلئے لاروا کی فوری تلفی کو بڑھایا جائے۔ مون سون سے قبل صفائی و نکاسی آب کے انتظامات مکمل ہوں تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش نہ ہو سکے۔ اسٹیشن کمانڈر نے کہا کہ انسداد ڈینگی قومی فریضہ ہے جس میں لاپرواہی برتنے والوں کے ساتھ سختی کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق نے بتایا کہ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر رواں سال 23ایف آئی آرز‘ 202 چالان‘ 776نوٹسز جبکہ 49جگہوں کو سیل اور 2لاکھ 19ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ مختلف اداروں کو موصولہ 4044شکایات میں سے 4006کو حل کر دیا گیاہے۔ ایک لاکھ 35ہزار گھروں کی چیکنگ کی گئی جس میں سے 498پازیٹو نکلے جبکہ آئوٹ ڈور ویکٹر سرویلنس میں 62ہزار 825میں سے 76پازیٹو نکلے۔
اسلام آباد سے مزید