• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

لندن (پی اے) نئے اعدادوشمار کے مطابق برطانیہ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ اعدادوشمار کے مطابق برطانیہ میں منگل کو پیٹرول کی قیمت 167.6پنس فی لٹر تک پہنچ گئی۔ ڈیزل کی قیمتیں بھی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہیں اور منگل کو ڈیزل کی قیمت 180.9پنس فی لٹر تھی، یہ وہی دن تھاجب وزیر تجارت کواسی کوارٹنگ نے فیول پر ڈیوٹی میں کمی کے باوجود بھاری منافع خوری کے الزامات کے بعدایندھن کے ریٹیلرز کے نام ایک خط میں انھیں ان کی ذمہ داریاں یاد دلائی تھیں۔ RAC کے تجزیئے کے مطابق ایک لٹر پیٹرول پر اوسط منافع 11 پنس اور فی لیٹر ڈیزل پر اوسط منافع 8پنس وصول کیا جا رہا ہے جبکہ رشی سوناک کی جانب سے ڈیوٹی میں کٹوتی کے اعلان سے قبل یہ منافع بالترتیب 9اور6پنس وصول کیا جا رہا تھا۔ اس طرح ریٹیلرز کی جانب سے منافع کی شرح میں اضافہ کردیئے جانے کے سبب ڈرائیوروں کو ڈیوٹی کی کمی کے پورے فوائد نہیں مل رہے ہیں۔ ڈبل اے کے فیول کی قیمتوں سے متعلق ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کی بھرپور کوششوں کے باوجود چانسلر نے فیول کی پمپ پر قیمتیں کم کرانے کیلئے کوئی کارروائی نہیں کی۔ وزیر تجارت نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ برطانوی عوام پیٹرول پمپس پر قیمتوں میں اضافے کی رفتار پر بہت پریشان ہیں اور وہ بجاطور پر اس بات کی شکایت کر رہے ہیں کہ چانسلر کی جانب سے فیول کی ڈیوٹی میں کمی کے ثمرات انھیں مکمل طورپر منتقل نہیں کئے گئے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ مختلف علاقوں یہاں تک ایک ریٹیل چین میں قیمتوں میں نمایاں فرق ہے، چانسلر اور میں اس بات پر زور دینا چاہتے ہیں اور دوبارہ یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ملک میں ڈرائیوروں کے ساتھ شفاف ڈیل کو یقینی بنانے کیلئے ہرممکن کوشش کی جائے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ان کی وزارت کے حکام اب کمپٹیشن اور مارکیٹس اتھارٹی کے ساتھ مل کر اس معاملے پر غور کر رہے ہیں اور ریگولیٹر اس صورت حال کی گہری نظر سے مانیٹرنگ کررہے ہیں اور مجھے یقین دلایا گیا ہے کہ اگر پیٹرول پمپس کی جانب سے کمپٹیشن یا صارفین سے متعلق قوانین سے تجاوز کا ثبوت مل گیا تو پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کرنے میں تاخیر نہیں کی جائے گی۔ پیٹرول ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر گورڈن بالمر نے کہا ہے کہ بعض اوقات ریٹیلرز کا منافع اتنا نہیں ہوتا جس سے پمپ چلانے کے اخراجات پورے ہوسکیں۔ انھوں نے کہا کہ اگرچہ چانسلر نے فیول کی ڈیوٹی میں کٹوتی کا اعلان کیا تھا لیکن تیل کی قیمتوں میں اضافے نے اس سہولت کا خاتمہ کردیا۔
یورپ سے سے مزید