اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد ریجن کے صدر علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ آج انشاء اللہ ملک کی تاریخ بدلنے جا رہی ہے۔ پورا اسلام آباد گھروں سے نکلے گا اور عمران خان کا ملتان میں جلسے سے تاریخی خطاب سنے گا۔ چیئرمین عمران خان کا ملتان میں جلسے سے خطاب براہ راست جمعہ کی شب دکھایا جائیگا۔ جمعرات کی شب ایف نائن پارک میں سینئر رہنما عثمان ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ تحریک انصاف نظام تبدیل کرنے جا رہی ہے۔ ہم جس فرسودہ نظام کیخلاف ہیں اس کا حصہ کبھی نہیں بن سکتے۔ پنجاب کے منحرف اراکین کے بارے میں کئے جانے والے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لوٹوں کی جگہ اسمبلیوں میں نہیں ہمارے واش رومز میں ہو گی۔ عمران خان سے غداری کرنے والے ارکان کو عوام نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ہمیشہ تاریخ رقم کرتی ہے۔ 136ایم این ایز کا ایک وقت میں استعفیٰ پہلے کبھی نہیں ہوا۔ عمران خان کھمبے کو بھی ٹکٹ دے دے تو وہ بھی جیت جائیگا۔ تحریک انصاف ہمیشہ اخلاقیات کا اعلی معیار قائم کرتی ہے اور غداری پر اپنے ارکان کو بھی نکال دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف تحریک انصاف ہے دوسری طرف ساری سیاسی جماعتیں ہیں۔ تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں 25لاکھ سے بات آگے بڑھ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب اور رانا ثناء اللہ کو کرسیاں گننے کا بہت شوق ہے تو آ کر گن لیں۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ مسلسل 2سال گروتھ ریٹ 5فیصد سے زیادہ رہا۔ صرف سوا مہینے میں ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا گیا ہے‘ ملک میں مہنگائی کی شرح15 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوان پاکستان کی تاریخ بدلنے جا رہے ہیں۔ ہمارا احتجاج پرامن ہو گا‘ اگر کسی نے رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو نوجوان اس کا بھرپور مقابلہ کرینگے‘ سیالکوٹ میں ہم امپورٹیڈ حکومت کو پہلے بھی ٹریلر دکھا چکے ہیں۔