اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )او آئی سی کامسٹیک سیکرٹریٹ میں ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز پاکستان (ایپ سپ ) اور کامسٹیک کے اشتراک سے چھٹی ریکٹرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ملک بھر کی جامعات کے تقریباً 170 وائس چانسلرز و ریکٹرز اور 17 ممالک سے 40 غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی۔ ۔مہمان خصوصی چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے ایپ سپ اور کامسٹیک کی اس مشترکہ کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی و عالمی تعلیمی قیادت کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا اعلیٰ تعلیم کے مستقبل کے لئے خوش آئند ہے افتتاحی اجلاس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمن چیئرمین ایپ سپ نے کی۔ کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد مسلم دنیا اور پاکستان کی جامعات کو ایک مضبوط، باہمی تعاون پر مبنی تعلیمی ماڈل کی طرف لے جانا ہے۔