• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پر تشدد انتہا پسندی بچاؤ کیلئے نوجوانوں کو بھر پور آگہی فراہم کی جائے، مقررین

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) اور صوبائی محکمہ اطلاعات کی جانب سے ’’انسدادِ پرتشدد انتہا پسندی‘‘ پراجیکٹ کے تحت کوئٹہ میں ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہد عمران رانجھا، بلوچستان کی مختلف جامعات کے سینئر اساتذہ، سینئر میڈیا پرسنز اور ڈپٹی ڈائریکٹر پی آئی ڈی کوئٹہ اسد خان مندوخیل نے بطور مقرر شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ انتہا پسندی ایک ناسور کی طرح ہمارے معاشرے میں سرایت کر چکی ہے جسے سوشل میڈیا پر غلط خبروں اور افواہوں کی تیزی سے تشہیر نے مزید تقویت دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سنگین مسئلہ سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ نئی نسل کو بروقت اور بھرپور آگاہی فراہم کی جائے، تعلیمی نصاب سیمینارز اور تقریبات کے ذریعہ نوجوانوں کے آنے والے وقتوں میں انتہا پسندی اور غلط خبروں کی روک تھام کے لئے ذہنی طور پر تیار کیا جائے۔مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا تیزی سے فروغ پا رہا ہے اور معاشرے کا تقریباً ہر فرد براہِ راست یا بالواسطہ اس سے وابستہ ہے جس کے باعث فیک نیوز کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غلط خبروں کی روک تھام اسی وقت ممکن ہے جب خبر کی حقیقت اور اس کے ذرائع کی باقاعدہ جانچ پڑتال کی جائے اور بغیر تصدیق کسی خبر کو آگے نہ بڑھایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈس انفارمیشن معاشرے میں سنگین نقصانات کا سبب بن رہی ہے اور اس کے اثرات معاشرے کے تمام افراد پر مرتب ہو رہے ہیں،اگر اس سماجی برائی پر بروقت قابو نہ پایا گیا تو اس کے نتائج مزید خطرناک ہو سکتے ہیں، اس لئے اس ضمن میں نوجوانوں کا کردار نہایت اہم ہے۔ شاہد عمران رانجھا نے شرکاء کو پروگرام کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر بلوچستان کی مختلف جامعات کے طلباء و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اسلام آباد سے مزید