• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمرانوں کو اپنے مقدمات ختم کرانے سے دلچسپی ہے، الطاف شاہد

لندن ( پ ر) پاک سر زمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہدنے کہا ہے کہ حکمران بے بس ہیں تواقتدارمیں کیوں آئے ،اگران کے پاس عوامی مسائل کاحل نہیں تھا توپھرڈینگیں کیوں مارتے رہے ،اتحادی حکومت کے ڈیڑھ ماہ میں مہنگائی کاسورج سوا نیزے پرآگیا،افسوس حکمرانوں کومہنگائی روکنے میں دلچسپی نہیں، انہیں صرف اپنے مقدمات ختم کرنے کی جلدی ہے، حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت کے نتیجہ میں پانی کابحران دن بدن شدت اختیار کرتاجارہا ہے۔چوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا کہ عوام آزمائے ہوئے کرداروں کوبار بارآزمانے کی بجائے آئندہ عام انتخابات میں اقتدار کی باگ ڈور سیّد مصطفیٰ کمال کے ہاتھوں میں دیں گے۔ ٹریڈفرینڈلی پالیسیاں پاک سرزمین پارٹی کاطرۂ امتیاز ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ پی ایس پی کے مرکزی چیئرمین سیّد مصطفی کمال کے آنے سے مقامی وبیرونی سرمایہ داروں کا اعتماد بحال ہوگااورشہرقائدؒ سمیت ملک بھر میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی ۔مستقبل کے وزیراعظم سیّد مصطفیٰ کمال ایڈ کے پیچھے دوڑنے کی بجائے باوقاراندازسے ٹریڈ کو فروغ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس پی کی دوررس معاشی اصلاحات کے مثبت ا ثرات مرتب ہوں گے۔بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن سے جہاں توانائی بحران پرقابوپانے میں مددملے گی وہاں ریونیو بھی اکٹھا ہوگااورعام صارفین بھی زائدبلنگ کی شکایات نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت ملک وقوم کوبحرانوں کوسامنا ہواس وقت منتخب قیادت ضدیااناکے تحت فیصلے نہیں کرسکتی ۔منتشرعوام کومتحد کرنے کیلئے قومی سیاسی قیادت کے درمیان اتحادویکجہتی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت سیاسی قیادت آپس میں سرجوڑے بغیر ملک کودرپیش اندرونی وبیرونی چیلنجز سے نبردآزمانہیں ہوسکتی ۔مستقبل کے وزیراعظم سیّد مصطفیٰ کمال نے پاکستان کے روشن اورمضبوط سیاسی مستقبل کیلئے ماضی کی تلخیاں فراموش کردیں گے ۔انہوں نے کہا کہ2022ءمیں پاکستان 1990ءکی دہائی والی سیاست کامتحمل نہیں ہوسکتا۔
یورپ سے سے مزید